وزیر ریلوے نے کہا کہ منفی سیاست ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

سیاسی مسائل کو مناسب فورم پر حل کرنا چاہیے:سعد رفیق
15 مئی 2016 (20:37)
0

ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے زیر قیادت ترقی کا عمل جاری رہے گا۔
اتوار کے روز بہاولپور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی بہتری کیلئے ملک بھرمیں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ سیاسی معاملات مناسب فورم پر ہی حل کیے جانے چاہئیں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاست چمکانے کیلئے اپنی حدود سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منفی سیاست ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
پانامہ پیپرز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کیلئے قواعد و ضوابط کو عدالت کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔
اپنی وزارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز کی بہتری کا کام جاری ہے اور اگلے سال کے دوران اکتیس ریلورے سٹیشنز کی بہتری کا کام مکمل کرلیا جائے گا' انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں تین ماہ کے اندر ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرادیا جائے گا۔