کٹھ پتلی حکومت ہندو انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہی ہے:گیلانی
15 مئی 2016 (19:43)
0

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ محبو بہ مفتی کی زیر قیادت پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی حکومت علاقے میں ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگ کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جن سنگ کی قوتیں کشمیر پر اپنے جابرانہ قبضے کو بر قرار رکھنے کے لیے یہاں کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیراہیں۔ انہوں نے کہا چونکہ حریت رہنما ان کے مذموم عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اس لیے انہیں بے بنیاد الزامات کے تحت جیلوں میں یا گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کی یہ پالیسی تمام جمہوری اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
حریت رہنمائوں نعیم احمد خان اور محمد شفیع ریشی نے کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں کشمیری پنڈتوں اور بھارتی فوجیوں کے لیے کالونیاں تعمیر کرنے کی شدید مخالفت کی ہے۔
دریں اثناء سرینگر کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما مسرت عالم بٹ کومزید چودہ روز کے لیے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ حریت رہنمابارہمو لہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں نظربند ہیں۔ مسرت عالم بٹ 2010ء سے مسلسل غیر قانونی طور پر نظربند ہیں۔ انہیں 2015ء میں رہا کیا گیا تھا لیکن صرف چالیس روز بعد ہی انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیاتھا۔