ترقیاتی اخراجات کیلئے86 ارب روپے سے زائد مختص۔

بلوچستان کا 325ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش
15 جون 2017 (19:10)
0

آئندہ مالی سال کیلئے بلوچستان کا 325 ارب روپے سے زائد کا بجٹ جمعرات کے روز پیش کیاگیا ۔

کوئٹہ کی صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے امورخزانہ کے بارے میں وزیراعلی کے مشیر سرداراسلم بزنجو نے کہاکہ ترقیاتی اخراجات کیلئے چھیاسی ارب روپے سے زائد مختص کیئے گئے ہیں۔
اسلم بزنجو نے کہاکہ شعبہ تعلیم کیلئے پچاس ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت کی ترقی کیلئے اکیس ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں ۔

وزیراعلی کے مشیر نے کہا کہ بجٹ میں امن وامان کی بہتری کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے اور اس مقصد کیلئے 31 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ زرعی شعبے پر 8 ارب روپے خرچ کیے جائیںگے ۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں توانائی کے شعبے کو بھی انتہائی اہمیت دی گئی ہے اور پانی کی فراہمی کی اسکیموں کی شمسی توانائی کے نظام پر منتقلی کیلئے بجٹ میں دو ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں ۔
مشیر نے کہاکہ صوبے کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے تقریباً 8000 نئی اسامیاں تخلیق کی جائیںگی انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں تعلیم تک رسائی کا خصوصی پروگرام شروع کیاجائے گا جس کیلئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔
اسلم بزنجو نے کہاکہ مواصلات کے شعبے کی تین سو سے زائد اسکیموں کیلئے بجٹ میں سات ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔