نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں کبھی کسی خاندان کی تین نسلوں کا احتساب نہیں ہو اجس طرح ان کے خاندان کا احتساب کیا گیا۔

کسی بدعنوانی کا مرتکب نہ ہونے کے باوجود خود کو احتساب کیلئے پیش کیا : وزیراعظم
15 جون 2017 (15:26)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ان کی پیشی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے ایک سنگ میل ہے۔وہ پانامہ پیپرز کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ڈھائی گھنٹے کی پیشی کے بعد آج تیسرے پہر اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں کبھی کسی خاندان کی تین نسلوں کا احتساب نہیں ہو اجس طرح ان کے خاندان کا احتساب کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ احتساب کے موجودہ عمل کو ان کی پیدائش سے پہلے کے عرصے تک بڑھا دیا گیا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ان کا اور ان کے خاندان کا بارہا بے رحمانہ احتساب کیا گیا لیکن کبھی بھی بدعنوانی کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جاری تحقیقات کا نتیجہ بھی مختلف نہیں ہو گا انہوں نے اور ان کے خاندان نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی بدعنوانی کا مرتکب نہ ہونے کے باوجود میں نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے کیونکہ میں قانون اور آئین بالادستی پر یقین رکھتا ہوں۔