معاشی اشارعے مثبت رجحان ظاہر کررہے ہیں:ڈار
15 جولائی 2017 (22:31)
0

وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی اشارعے مثبت رجحان ظاہر کررہے ہیں۔ وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں مالیاتی پالیسیوں کے رابطہ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ مجموعی ملکی پیداوار 5.3فیصد تک پہنچ گئی ہے جوکہ 10سال کی بلند ترین سطح ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4سال کے دوران غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مناسب سطح پر ہے جبکہ ٹیکس وصولیوں میں 73فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی دستیابی میں بہتری آئی ہے صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے جبکہ کمرشل اور گھریلوشعبے میں لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
اسحق ڈار نے کہا کہ آج فی کس آمدنی 1629ڈالر ہے جبکہ چار سال قبل یہ 1334ڈالر تھی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ۔ن کے پارٹی منشور کے مطابق پاکستان میں اصلاحات پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا گیا ہے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر نے آج فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسلام آبادمیں سیلز ٹیکس ری فنڈز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کیلئے ری پے منٹ آرڈرز کا حصہ مکمل ہوگیا ہے جس کا وعدہ بجٹ تقریر میں کیا گیا تھا اور اس سال تیس اپریل کو جاری ہونے والے دس لاکھ روپے مالیت کے 6853ری پے منٹ آرڈرز کی ادائیگی کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر امید ظاہر کی کہ ایف بی آر کے نئے چیئرمین اور ان کی ٹیم نئے مالی سال کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کرے گی۔