ترکی، تھائی لینڈ اور ایران کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے زیر غور ہیں:عہدیدار وزارت تجارت
15 جولائی 2017 (21:19)
0

حکومت ملکی اور غیر ملکی تجارت میں سہولت اور برآمدات کے فروغ کیلئے تجارتی طریق کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ یہ بات وزارت تجارت کے ایک سینئر عہدیدار نے اسلام آباد میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
عہدیدار نے بتایا کہ ہم دنیا کے مختلف خطوں میں نئی تجارتی راہیں اور منڈیاں تلاش کررہے ہیں تاکہ ملکی تجارت کے فروغ کیلئے ان تک رسائی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے رسد کی فراہمی بڑھانے کی غرض سے ملکی تجارت میں تنوع پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزات تجارت کے عہدیدار نے کہا کہ ترکی، تھائی لینڈ اور ایران کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے زیر غور ہیں جنہیں آئندہ مہینوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔
عہدیدار نے بتایا کہ حکومت آزادانہ تجارت کے فروغ کیلئے لاطینی امریکہ کے ملکوں کی طرز پر آزادانہ تجارتی معاہدوں کے آغاز کو ترجیح دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن، برازیل، کولمبیا اور کیوبا میں پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے درآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔