مسلم لیگ ن محمد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے:رہنماء پاکستان مسلم لیگ ن
15 جولائی 2017 (20:21)
0

مسلم لیگ">پاکستان مسلم لیگ ۔ن نے کہاہے کہ وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ کرنے والوں کو پہلے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کا مطالعہ کرلیناچاہیے۔ یہ بات وفاقی دارالحکومت کے انتظام اور ترقیاتی ڈویژن کے وزیرمملکت طارق فضل چوہدری نے ہفتہ کی شام اسلام آباد میں رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون محمد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ٹیم کا دائرہ کار لندن فلیٹس کی ملکیت کی تحقیقات کرنا تھا تاہم اس نے اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے شریف فیملی کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نوازشریف اور شہباز شریف کے گزشتہ 35سالہ سیاسی کیرئیر کے دوران جب وہ عوامی عہدوں پر موجود تھے ان کے خلاف بدعنوانی کی ایک بھی مثال پیش نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ">پاکستان مسلم لیگ ۔ن کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کی غیر متزلزل حمایت کرتے ہوئے انکی قیادت پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف رپورٹ میں تاثرات شواہد کی بجائے محض مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو فلیٹوں کا مالک قرار دینے کیلئے "ممکنہ طور پر اور بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے"جیسے الفاظ استعمال کئے گئے ہیں جو قطعا قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ تحقیقاتی ٹیم نے قطری شہزادے کا بیان کیوں ریکارڈ نہیں کیا جو مقدمے کا اہم اور مرکزی گواہ ہے۔