File photo

مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجیوں نے ترال میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا
15 جولائی 2017 (19:43)
0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ترال میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ ترال کے علاقے ستورہ میں فوجی آپریشن کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ انہوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے پھینکے جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی فورسز کی طرف سے جامع مسجد کی بے حرمتی اور کئی نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف آج اسلا م آباد قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے گزشتہ روز مسجد میں داخل ہو کر حریت رہنمامختار احمد وازہ کے بیٹے سمیت متعدد لڑکوں کو گرفتار کر لیا تھا ۔
ادھر حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریز اور چین کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کیاہے ۔