اسلامی تعاون تنظیم کی اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بندش کی شدید مذمت
15 جولائی 2017 (19:28)
0

اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی مسلمانوں کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین نے ایک بیان میں مسجد کی بندش کو فلسطینیوں کی مذہبی آزادی ا ور بنیادی انسانی حقوق پر حملہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے مقدس مقامات کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملوں کو رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔
مسجد اقصیٰ کو کل داخلی دروازے پر فائرنگ کے بعد آج بند رکھا گیا جس میں تین فلسطینی شہید اور دو اسرائیلی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔