چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے کہاپاکستان دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے۔

15 جولائی 2017 (10:21)
0

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے کہاہے کہ پاکستان مخالف خفیہ ادارے خصوصاً ''را'' کے مذموم عزائم سے پوری طرح آگاہ ہے ۔آج پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی خفیہ ادارہ اپنی تخریبی سرگرمیوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہاہے تاکہ ملک میں بے چینی اورعدم استحکام پیدا کرسکے اوراربوں ڈالرمالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژکرسکے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہاکہ ہم مربوط اجتماعی کوششوں کے ذریعے اِن تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ پاکستان دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے۔ جنرل زبیر نے کہا کہ علاقائی معاملات میں پاکستان کا کردار اہم ہے ، پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں اور مستقبل میں بھی ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی سے رہنا چاہتا ہیہ افغانستان میں امن و سلامتی پاکستان میں قیام امن کے لئے بنیاد ہے ۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ۔
پاک بحریہ کے کردار کے حوالے سے جنرل زبیر نے کہا کہ قوم کو اپنے سمندروں کے محافظوں پرفخر ہے جنہوں نے ملک کے دفاع، انسداددہشت گردی اور قذاقی کے خلاف کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔