صدرمملکت نے کہا کہ حکومت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن کارروائی شروع کی ہے۔

اقتصادی ترقی امن و سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں: صدر ممنون
15 اگست 2016 (20:18)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن کارروائی شروع کی ہے۔

انہوں نے پیر کی شام اسلام آباد میں آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی امن اور سیاسی استحکام کے قیام کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
صدر نے کہا کہ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے کم شرح منافع پر آسان شرائط پر قرضے فراہم کررہی ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید مشینری کی درآمد کی غرض سے بھی مالی امداد فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم اپنی مٹھاس اور معیار کیلئے مشہور ہے۔ انہوں نے یورپی یونین جیسی عالمی منڈیوں کو آم کی برآمد بڑھانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر ملکی فروخت کے حقوق حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ترشاوہ پھلوں کی برآمد کو فروغ دینے کیلئے سٹرس ڈویلپمنٹ بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔