پانی و بجلی کے وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ بھارت مغربی دریائوں پر کئی پن بجلی گھر تعمیر کر رہا ہے۔

بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا مرتکب
15 اگست 2016 (19:09)
0

قومی اسمبلی کو پیر کے روزبتایاگیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی شقوں پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد نہیں کررہا ۔
پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ بھارت مغربی دریائوں پر کئی پن بجلی گھر تعمیر کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر پن بجلی گھر سندھ طاس معاہدے میں درج قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن معاملات میں خلاف ورزی دیکھی گئی وہ مستقل سندھ طاس کمیشن کی سطح پر بھارت کے ساتھ اٹھائے جارہے ہیں تاکہ انہیں خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سطح پر بھارت کے عدم تعاون کی صورت میں یہ معاملہ دونوں حکومتوں کی سطح پر اٹھایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناکامی کی صورت میں یہ معاملے معاہدے کی شق کے مطابق غیر جانبدار ماہرین کی تقرری کیلئے عالمی بینک یا ثالثی عدالت کو بھیج دیئے جاتے ہیں۔
عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور یہ تمام وسائل معاہدے کے مطابق مناسب فورمز پر اٹھائے جارہے ہیں۔