اجلاس میں حال ہی میں منظور کئے گئے سائبر کرائمز بل پر غور بھی کیا گیا۔

وزیراعظم کا نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت کا جائزہ
15 اگست 2016 (17:26)
0

پیر کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدپر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ریٹائرڈ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو نیشنل ایکشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی سیکرٹری داخلہ، نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل ، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جی پیز اور بعض سیکرٹریوں اور وزیراعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری پر مشتمل ہوگی۔ خفیہ اداروں کا ایک ایک نمائندہ ان کی معاونت کرے گا جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز فوج کی نمائندگی کریں گے۔
اجلاس کے دوران دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا گیا اور اسے مزید موثر بنانے کیلئے کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سرحدی انتظامات اور ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کی بہتری کیلئے سول مسلح فورسز کے انتیس نئے ونگز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں حال ہی میں منظور کئے گئے سائبر کرائمز بل پر غور بھی کیا گیا اور سائبر کرائمز سے نمٹنے کے طریقہ کار پر جلد از جلد عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ، وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان سمیت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔