وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے پیشرفت ہو رہی ہے۔

File Photo

قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جارہا ہے:پرویز رشید
15 اگست 2016 (13:48)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور حکومت نے قوم کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور توجہ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
پرویزرشید نے کہا کہ عالمی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں جبکہ وفاقی حکومت انہیں اس سلسلے میں ہر طرح کی مدد فراہم کررہی ہے۔ 

بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی جارحیت اور ظلم و جبرمیں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کواجاگر کرتے ہوئے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے لئے اپنی اخلاقی' سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔