سعد رفیق نے کہا کہ پھاٹک پر اشارے نصب کرنے کی حکمت عملی زیر عمل ہے

حکومت ریلویز کو خطے میں بہترین ریلویز بنانے کیلئے پرعزم ہے:سعد رفیق
15 اپریل 2017 (19:11)
0

ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ریلویز کو خطے میں بہترین ریلویز بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
وہ ہفتے کے روز لاہور میں ریلوے اسٹیشن پر پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کے استقبال کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے روٹ کی کوئٹہ سے پشاور تک توسیع سے چاروں صوبوں کے عوام میں رابطہ ہوگا جو قومی یکجہتی میں ریلوے کی خدمت کا بڑا قدم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے مشکلات، مسائل اور محدود وسائل کے باوجود کامیابی کے راستے پر گامزن ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ دورہ چین میں ریلوے کی بہتری کیلئے کئی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بین مین لائن ون کی بہتری کے بعد ریل گاڑیاں مستقبل قریب میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق نے کہا کہ پھاٹک پر اشارے نصب کرنے کی حکمت عملی زیر عمل ہے۔
انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ریل گاڑیوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ایک اچھا تجربہ ہے اور مستقبل میں مزید ریل گاڑیاں نجی شعبے کے سپرد کی جائیں گی۔