آن لائن ویزوں کے اجراء کاکام جاری ہے جس سے ویزوں میں ایجنٹ کاکردار ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی

حکومت نے ویزا پالیسی میں بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں:نثار
15 اپریل 2017 (19:07)
0

وزیرداخلہ نثارعلی خان نے کہاہے کہ حکومت نے ویزا پالیسی میں بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لینڈنگ کارڈ پر سختی سے پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ آن لائن ویزوں کے اجراء کاکام جاری ہے جس سے ویزوں میں ایجنٹ کاکردار ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے پاکستان نژاد کارڈ کو عارضی رہائش کارڈ کے نئے نام سے جاری کرنے کافیصلہ کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی شہری سے شادی کرنیوالی غیرملکی خاتون کو شروع میں ایک سال کاویزہ جاری کیا جائے گا جس میں سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مشروط طورپر پانچ سال تک توسیع ہوسکے گی۔
کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈوں کی تصدیق سے متعلق مہم کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہ اب تک مجموعی طورپر تین لاکھ ترپن ہزار پچاسی شناختی کارڈ بند کئے گئے ہیں جن میں سے ایک لاکھ اٹھہتر ہزار آٹھ سو اکیانوے عارضی طورپر ساٹھ روز کیلئے بحال کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ ایک لاکھ چوہترہزارچوراسی شناختی کارڈ منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جن افراد کے قومی شناختی کارڈ عارضی طورپر بحال کئے گئے ہیں انہیں ساٹھ روز کے اندر اپنی پاکستانی قومیت کے حوالے سے دستاویزی ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بند کئے گئے قومی شناختی کارڈوں کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دیاجاناچاہیے کیونکہ یہ پاکستانی قومیت کامسئلہ ہے۔
قومی شناختی کارڈوں کی تصدیق کاعمل ان کے اجراء کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے شروع کیا گیاتھا کیونکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہاہے۔


comments powered by Disqus