وزیر خزانہ نے یہ بات امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ مک ماسٹر سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہی۔

پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے:ڈار
15 اپریل 2017 (06:38)
0

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے اورحکومت خطے کے امن اوراستحکام کیلئے دوست ممالک اورشراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بات امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ہربرٹ ریمنڈ مک ماسٹر سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہی۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ نے جنرل مک ماسٹر کو قومی سلامتی کے مشیر کی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
آپریشن ضرب عضب کی شاندار کامیابی اور جاری آپریشن ردالفساد کے حوصلہ افزا نتائج کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ یہ کامیابیاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
جنرل مک ماسٹر نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ امن، استحکام اور لوگوں کی معاشی خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سلامتی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج اورشہریوں کی قربانیاں قابل تعریف ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اقتصادی طورپر بھی متاثرکن ترقی کی ہے۔