Saturday, 20 April 2024, 12:07:05 am
وزیراعظم کا مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے سفارتی حل پر زور
December 15, 2019

وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کے تنازعات اور اختلافات کے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں کہی جہاں وہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ۖ پر حاضری دینے کے بعد پہنچے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تنازعات کی روک تھام، کشیدگی کے خاتمے،خطے اور دنیا کے بہترین مفاد میں قیام امن کی تمام کوششوں میں سہولت کارکا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی تذویراتی اہمیت پر زور دیا اور اسے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے نہایت اہم شراکت داری قرار دیا۔وزیراعظم نے سعودی عرب کو گروپ بیس کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ جو عالمی برادری میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور صلاحیتوں کی مظہر ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ گروپ بیس کی صدارت کی سعودی عرب کی مدت نہایت کامیاب رہے۔فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جہاں کشمیری عوام کو پانچ اگست کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کے بعد مسلسل محاصرے اور دوسری پابندیوں کا سامناہے اور کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے جموں کشمیر کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ میں سعودی عرب کے فعال کردار سمیت مسئلہ کشمیرکیلئے روایتی حمایت پر اسکا شکریہ ادا کیا۔ فریقین نے اسلامی تعاون تنظیم اور دوسرے عالمی فورموں کے ذریعے کشمیر کے نصب العین کو اجاگر کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد میں وزیراعظم اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے ریاض سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان السعود ان کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے بعد انہیں الوداع کہنے کیلئے ان کے ہمراہ ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے تک آئے۔(این این آر، وہاج بشیر)

Error
Whoops, looks like something went wrong.