Wednesday, 12 August 2020, 09:06:10 am
حکومت صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،معاون خصوصی
December 15, 2019

اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔

وہ حافظ آباد میں حافظ آباد پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں صحت کارڈ کے ذریعے صحافیوں کو طبی سہولت کی فراہمی کیلئے یکساں پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی نے حافظ آباد پریس کلب کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سطح پر لانے کیلئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ حافظ آباد میں صحافیوں کیلئے رہائشی کالونی کا معاملہ پنجاب حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ میڈیا کارکنوں کو رہائشی سہولتیں فراہم ہو سکیں۔
ضلع حافظ آباد کی زرخیز زمین کے بارے میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ارزاں نرخوں پر معیاری بیج، کھادیں، زرعی ادویات اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ ملک میں زراعت کے شعبے کو ترقی دی جا سکے۔
انہوں نے حافظ آباد کے عوام کے لئے قومی اسمبلی کے رکن شوکت علی بھٹی اور ان کے خاندان کی خدمات کو بھی سراہا۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اور معیشت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت روزمرہ اشیاء کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موجودہ مہنگائی کا ذمہ دار سابق حکمرانوں کو ٹھہرایا اور کہا کہ یہ سب ان کے بے تحاشا اخراجات، لوٹ ماراور شاہ خرچیوں کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی وزیراعظم کا مشن ہے۔