Friday, 15 November 2019, 04:54:07 am
صدر،وزیراعظم کا ذہنی صحت،ماحولیاتی تبدیلی،غربت کے خاتمے اورعدم مساوات بارے آگہی پر شاہی جوڑے کی کوشش کی تحسین
October 15, 2019

برطانیہ کے شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے منگل کے روز ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر مملکت اور خاتون اول نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ صدر نے دماغی صحت، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں شاہی جوڑے کے دورے کو سراہا۔ شہزادہ ولیم نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔ شاہی جوڑے نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور غربت کے خاتمے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے آج دنیا کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی' عدم مساوات اور تعلیم جیسے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے برطانوی شاہی جوڑے کی تعریف کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان نے خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں شہزادی ڈیانا کیلئے ان کی خیراتی مقاصد کیلئے ہمدردی اور عزم کے باعث پاکستان کے عوام کی محبت یاد دلائی۔عمران خان نے پاکستان میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور ان کے نوجوان پاکستانیوں کے ساتھ رابطوں کو بھی سراہا۔انہوں نے شاہی جوڑے کو ملکی ترجیحات اور پانچ اگست کے بعد سے بھارت کے ساتھ تعلقات اور افغانستان میں امن اور مصالحتی عمل کی حمایت سمیت دوسرے ملکوں کے بارے میں پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔شہزادہ ولیم نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے لئے ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے گرم جوشی سے استقبال اور مہمانداری پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔بعد میں وزیراعظم نے معزز مہمان کو ظہرانہ دیا۔ برطانیہ کے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نے آج اسلام آباد میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول یونیورسٹی کالونی کا دورہ کیا۔

انہوں نے سکول کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی جماعت میں گئے، وہ سکول کے طلبا میں گھل مل گئے۔ سکول کی انتظامیہ نے شاہی جوڑے کوسکول سے متعلق بریفنگ دی ۔ برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ کی پہاڑی پرTrail فائیو کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ماحول کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نے ماحول سے متعلق ایک پروگرام میں بھی شرکت کی۔