Friday, 15 November 2019, 04:53:55 am
دفتر خارجہ کی بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کی مذمت
October 15, 2019

پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ہریانہ میں انتخابی ریلیوں کے دوران حالیہ اشتعال انگیز بیانات کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے ایک سینئر وزیر کی جانب سے ایسے اشتعال انگیز بیانات بھارتیہ جنتا پارٹی کی سوچ، انتہا پسند نظریے، غاصبانہ خواہشات اور پاکستان کے ساتھ جنگی جنون کا مظہر ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ راجناتھ سنگھ کو اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف ملک کے بھرپور دفاع کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کے بے معنی بیانات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے خود ریاستی دہشت گردی بند کرے جو وہ عشروں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دبانے کیلئے کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کی معاونت بھی ختم کرنا ہوگی۔