Friday, 15 November 2019, 04:54:37 am
آئی آئی بی ،پاک قطر تکافل انشورنس کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی
October 15, 2019

بین الاقوامی اسلامی بینک اور پاک قطر تکافل انشورنس نے پاکستان کے ریئل سٹیٹ ، ہائوسنگ اور مہمانداری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔اس خواہش کا اظہار منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان اور بین الاقوامی اسلامی بینک کے چیف ایگزیکٹو اور پاک قطر تکافل انشورنس کے چیئرمین شیخ علی بن عبداللہ ثانی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔شیخ علی بن عبداللہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ مہمانداری کی صنعت میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں اور منصوبہ بندی آخری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک قطر تکافل کی پاکستان میں 70 شاخیں ہیں اور اب وہ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ شیخ علی نے خطے میں امن وسلامتی کے فروغ کیلئے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے ان کے دورہ سعودی عرب کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے قطر کے ساتھ پاکستان کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان خصوصاً اس سال جون میں امیر قطر کے دورہ پاکستان کے بعد مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔