Friday, 29 March 2024, 05:00:42 pm
مقبوضہ کشمیر:نام نہاد بلدیاتی انتخابات کےخلاف منگل کو ہڑتال کی جائے گی
October 15, 2018

مقبوضہ کشمیر میں کل (منگل) ان علاقوں میں مکمل ہڑتال کی جائیگی جہاں بھارت ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کا حتمی مرحلہ منعقد کر رہا ہے ۔

ہڑتال کی اپیل سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کی ہے۔

حریت قیادت نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے گزشتہ تینوں مرحلوں کا بائیکاٹ کیا ہے اسی طرح بائیکاٹ کر کے اس بے سود مشق کو مکمل طورپرمسترد کردیں۔

قابض انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میراعظ عمرفاروق ، محمد اشرف صحرائی اورمحمد یاسین ملک کے علاوہ سینکڑوں نوجوانوں اور کارکنوں کو انتخابی ڈھونگ کے چوتھے مرحلے سے قبل گھروں یا جیلوں میں نظربند رکھا جس کا مقصد انتخابی ڈرامہ کو کامیاب بنانا تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں بالخصوص سرینگر ،بارہ مولہ،پلوامہ، شوپیاں، اسلام آباد اور گاندربل کے انتخابی اضلاع میں بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ گرفتاریوں اور رات گئے چھاپوں کی شدید مذمت کی۔

ادھرکشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء سے اظہار یکجہتی کے لیے پیر کوسرینگر میں احتجاجی مارچ کیا جنہیں یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی سکالر شہید ڈاکٹر منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی کوشش پر ہراساں کیا جارہا ہے۔

دوسری طرف بھارتی پولیس نے تحریک وحدت اسلامی کے ایک وفدکو شہید ڈاکٹر منان وانی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے لولاب کپواڑہ میں ان کے گھرجاتے ہوئے راستے میں گرفتار کر لیا ہے۔

سرینگر میں غیرقانونی طور پر قید پارٹی کے صدر مسرور عباس کی رہائی کے لئے اتحاد المسلمین کے کارکنوں نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.