Wednesday, 11 December 2019, 08:33:59 am
وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا
July 15, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی کے قوانین سے متعلقہ ایک آرڈنینس منظوری کیلئے کابینہ میں پیش کیا جائیگا تاکہ گھروں کی تعمیر کیلئے رقم کی فراہمی کا راستہ ہموار کیا جائے۔

انہوں نے پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سیکٹر کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ سیکٹر بینکوں کی طرف سے عوام کو گروی رکھنے کی سہولیات کی عدم فراہمی میں علاقائی ملکوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ گھر بنیادی ضرورت ہے اور اس وقت ملک میں ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے لیکن تنخواہ دار طبقہ وسائل کی کمی کے باعث اپنے گھر تعمیر نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو سستے گھر فراہم کئے جائیںگے جو ایک گھر کی تعمیر کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹریشن کا مقصد ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق علاقے کی ترجیح، مطلوبہ رقم اور شہری سمیت اہم اعدادوشمار کی واضح صورت حال معلوم کرناہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ کے کاروبار میں نئے آنے والوں کو سہولت فراہم کریگی تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں میں ملکیتی کلچر کی حوصلہ افزائی ہو۔

انہوںنے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے ذیلی صنعتیں مستفید ہونیگی جس کے نتیجے میں بے روزگاری میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا انہوں نے کہا کہ ملکی ہاؤسنگ منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں انگوری روڈ پر شروع کیا گیا ہاؤسنگ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائیگا جبکہ دوسرے شہروں میں ہاوسنگ پروگرام پر جلد کام شروع ہوگا۔