Tuesday, 20 August 2019, 10:01:38 pm

مزید خبریں

 
وادی نیلم میں شدید سیلاب ،22افراد جاں بحق
July 15, 2019

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں Lesva کے مقام پر شدید سیلاب سے کم از کم بائیس افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے Lesva بازار مکمل طورپر تباہ ہوگیا ہے۔سیلاب سے کم ازکم ایک سو بیس گھر اور ستر دکانیں بھی تباہ ہوگئی ہیں جبکہ دو بنیادی مراکز صحت، چھ گاڑیاں اور متعدد موٹرسائیکلیں سیلاب میں بہہ گئیں۔فون سروس معطل ہونے کی وجہ سے متعلقہ حکام بروقت کارروائی نہ کرسکے۔

متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی ہدایت پر ایک امدادی کیمپ قائم کیاگیا ہے جہاں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیا ،خیمے اور کمبل بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔

اُدھرصدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے وادی نیلم میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

آج اپنے بیانات میں انہوں نے وادی کے لاپتہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا فوج کے جوانLASWA گائوں میں مٹی کے تودے گرنے اور دریائے نیلم جہلم میں NAUSERI DANNI کے مقام پر شدید سیلاب کی وجہ سے متاثرہ افراد کے بچائو اور امداد کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پھنسے ہوئے باون افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکال کر کیمپوں میں اور محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈوبنے والے افراد کی تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔

امدادی کارروائیوں میں خوراک' راشن اور طبی امداد کی فراہمی شامل ہے ۔ امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔