Saturday, 20 July 2019, 05:52:53 am
ایشیائی ترقیاتی بنک بجٹ میں معاونت کیلئے 3 ارب 40 کروڑ ڈالر فراہم کریگا
June 15, 2019

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ نے بجٹ میں معاونت کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ تین ارب چالیس کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔انہوں نے ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت اس سال دو ارب دس کروڑ ڈالر جاری کئے جائیں گے۔وزیر منصوبہ بندی اور ترقی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ بجٹ میں آئندہ مالی سال کیلئے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 951 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے سرکاری ونجی شعبے کی شراکت کے فروغ کیلئے 251 ارب روپے شامل ہیں۔انہوں نے آج سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی توجہ کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ کے 34 ارب روپے کے مقابلے میں آئندہ سال کے بجٹ میں سابق فاٹا کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 73 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی میں بلوچستان کا مرکزی اہمیت کا حامل ہے اور صوبے کے مختلف علاقوں میں 76 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔خسرو بختیار نے کہا کہ جنوبی پنجاب ، جنوبی خیبر پختونخوا اور اندرون سندھ 48 ارب روپے کے منصوبے شروع کئے جائیں گے اور ان پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ انہیں ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا کہ حکومت نے کراچی میں 45ترقیاتی منصوبوں کیلئے چونتیس ارب روپے مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ وفاقی دارالحکومت کا علاقہ وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے اور اس میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں آٹھ ارب روپے مالیت کے نئے منصوبے شروع کئے جائیںگے۔منصوبہ دبندی کے وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور وہ ترسیلی نظام، سمارٹ میٹر اور بجلی سے متعلق دیگر بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرے گی اس مقصد کیلئے اسی ارب روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل کی نسلوں کیلئے پانی محفوظ کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں مہمند، بھاشا اور داسوڈیموں کیلئے ستر ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ اس بجٹ میں زراعت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور زراعت کیلئے بارہ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو گزشتہ بجٹ کی نسبت ایک ارب روپے زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے باخبر ہے اور صاف سرسبز پروگرام کے تحت نو ارب پچاس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی پروگراموں کیلئے باسٹھ ارب روپے مالیت کا جامع ترقیاتی پیکج مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے فائدے کے منصوبے شروع کرنے کیلئے بجٹ میں اعلی تعلیم اور علم پر مبنی معیشت کیلئے تنتالیس ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت دس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اور کسی ملک کی طرف سے اس پر کوئی دبائو نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر قطر بہت جلد پاکستان کا دورہ کرینگے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مستحکم کیا جاسکے۔وفاقی وزیر نے ایک سوال پر بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت کوئٹہ ژوب مغربی راہداری شاہراہ پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ سکھر حیدرآباد کی مغربی راہداری پر کام جلد مکمل کر لیا گا۔مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کی تکمیل پر اسی ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور نئے بجٹ میں اس منصوبے کیلئے آٹھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔