Tuesday, 23 July 2019, 01:59:18 pm
وزیراعظم آفس کا عوام کی شکایات جلد حل نہ کرنے پر بلوچستان کی بیوروکریسی پرمایوسی کااظہار
May 15, 2019

وزیراعظم آفس نے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے پر بلوچستان کی بیوروکریسی کے بارے میں مایوسی کااظہارکیا ہے ۔

بلوچستان کے چیف سیکرٹری کے نام تحریر کئے گئے ایک خط میں کہاگیا ہے کہ سرکاری افسر اور دیگر حکام وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے پاکستان سیٹزن پورٹل پرموصول ہونے والی شکایات کے حل میں غفلت برت رہے ہیں ۔

خط میں کہاگیا کہ بلوچستان مسائل کے حل میں تمام صوبوں سے پیچھے ہے ۔

خط کے مطابق پاکستان سیٹزن پورٹل پرموصول ہونے والی شکایات کے ازالے کی نگرانی کیلئے وزیراعظم مانیٹرنگ سیل قائم کیاگیا ہے جہاں صوبوں کی کارکردگی کاتجزیہ کیاجاتا ہے۔

خط میں کہاگیا کہ وزیراعظم کو شکایات کے ازالے سے متعلق آگاہ کیاجاتا ہے۔

خط میں لکھا گیاکہ بلوچستان حکومت نے موصول ہونے والی چار ہزار سات سو اکانوے شکایات میں سے صرف آٹھ سو کا ازالہ کیا جو مجموعی شکایات کا محض سترہ فیصد ہے خط میں کہاگیاکہ بلوچستان میں سرکاری محکموں کو بھیجے گئے 53 میں سے اکتالیس پورٹلز کی کارکردگی صفر تھی ۔

خط کے مطابق صوبائی افسران کو موثر رہنمائی بھی فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود ان کی کارکردگی غیرتسلی بخش تھی خط میں کہاگیا کہ عوام کے مسائل حل کرنا اورانھیں سہولت فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے ۔

وزیراعظم آفس نے صوبائی چیف سیکرٹری کو عوام کے مسائل حل کرنے پرتوجہ نہ دینے والے سرکاری حکام کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔