Wednesday, 26 June 2019, 04:36:48 am
سیکرٹری اطلاعات کی ریڈیو پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی
April 20, 2019

سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے شعبے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے پیر کی سہ پہر اسلام آباد میں خبروں اور حالات حاضرہ کے شعبے کے ایڈیٹوریل سٹاف کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ خبروں کے شعبے نے ریڈیو پاکستان کو معتبر قومی نشریاتی ادارہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات نے جو ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں کہا کہ شعبہ خبر کو حقائق پر مبنی خبریں نشر کرنی چاہئیں۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ اسی جذبے اور لگن سے کام جاری رکھیں۔

خبروں اور حالات حاضرہ کے ڈائریکٹر عبدالہادی مایار نے سیکرٹری اطلاعات کو شعبہ خبر کی کارکردگی کے بارے میں بتایا اور شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق تجاویز بھی دیں۔

سیکرٹری اطلاعات نے تمام تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے عملے کے ارکان کے میڈیکل الاؤنس، رہائشی کالونی، ترقیوں اور ریفریشر کورسز سے متعلق دوسرے مسائل حل کرنے کو یقین دہانی کرائی۔