Thursday, 20 June 2019, 10:02:19 pm
وزیر اعظم کاعدلیہ کو مضبوط بنانے میں بار ایسوسی ایشنوں کے کردار پر زور
April 15, 2019

وزیراعظم عمران خان نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور ملک میں عدالتی نظام کو موثر بنانے کے لئے وکلاء کے اہم کردار پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بار کے صدر امان اللہ کنرانی کی قیادت میں ان سے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مضبوط بار ایسوسی یشنز ملک میں عدلیہ کی مضبوطی اور اچھا نظم و نسق یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے وکلاء برادری کو یقین دلایا کہ حکومت بار ایسوسی ایشنوں کے مسائل کے حل میں بھرپور مدد کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے وکلاء کو تمام جائز حقوق کی فراہمی میں بھی تعاون فراہم کرے گی۔

وفد کے ارکان نے وزیراعظم کے ویژن اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم کو وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے بار کے ارکان خصوصاً عمررسیدہ وکلاء کیلئے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔