Saturday, 20 April 2024, 04:17:44 pm
محمد طارق چوہدری ریڈیو پاکستان کے نئے ڈائریکٹر نیوز مقرر
February 15, 2021

ریڈیو پاکستان کے سینئر ترین کنٹرولر نیوزمحمد طارق چودھری نے جو خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل اور سوشل میڈیا کے شعبے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ' آج ادارے کے نئے ڈائریکٹر نیوز کا عہدہ سنبھال لیا۔

نئے ڈائریکٹر نیوز سینئر صحافی اور نشریاتی صحافت کے تمام شعبوں میں وسیع تجربے کے حامل ہیں۔محمد طارق چودھری نے ڈائریکٹر نیوز کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین جان سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے شعبہ خبر حالات حاضرہ اور سوشل میڈیا کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے مواد کے معیار اور موجودہ تکنیکی سہولیات کو بہتر بنانے اور شعبہ خبر کے عملے کیلئے کام کی غرض سے سازگار ماحول فراہم کرنے میں نئے ڈائریکٹر نیوز کی حکمت عملی کو بروئے کار لانے میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔محمد طارق چودھری نے ڈائریکٹر نیوز کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سنٹرل نیوز آرگنائزیشن میں نیشنل نیوز روم ' رپورٹنگ سیکشن اور مانیٹرنگ یونٹ سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا' وہ خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل اور سوشل میڈیا سیکشن بھی گئے۔انہوں نے یونٹس اور عملے کے سربراہوں سے گفتگو کرتے ہوئے سی این او کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کاعزم کیا۔ انہوں نے عوام کو قومی اور بین الاقوامی سطح کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھنے کے لئے بہترین مواد کی تیاری میں مکمل تعاون اور رہنمائی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے شعبہ خبرکا اعلیٰ ترین عہدہ سنبھالنے سے قبل طارق چودھری نے رپورٹنگ' نیشنل نیوز روم' نیشنل اردو ڈیسک' علاقائی زبانوں اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبوں اور پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی سمیت ادارے کے مختلف شعبوں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں' انہیں سنٹرل نیوز آرگنائزیشن میں کنٹرولر کوآرڈینیشن کے طور پر کام کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ریڈیوپاکستان میں اپنے کیریئر کے دوران محمد طارق چودھری نے فیصل آباد نیوز بیورو کے سربراہ اور لاہور نیوز بیورو میں سینئر نیوز ایڈیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔محمد طارق چودھری کو ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے اعتراف میں متعدد ایوارڈز' شیلڈز' تہنیتی خطوط اور سونے کا تمغہ بھی دیا گیا ہے۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.