بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے پوری قوم کے تعاون سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

جنرل راحیل کا شمالی ،جنوبی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ
14 جون 2016 (19:35)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے پوری قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
یہ بات انہوں نے منگل کے روز شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں اگلے مورچوں کے دورے کے دوران کہی۔
انہوں نے سارا دن قبائلی لوگوں اور فوجیوں کے ساتھ گزارا جو آپریشن ضرب عضب کے بحالی کے مرحلے میں وہاں موجود ہیں۔
بری فوج کے سربراہ کو جاری کاروائیوں اور بحالی کے جامع کام اور علاقے کے معاشرتی منظر نامے پر اس کے اثرات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری مرحلے میں ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے فاٹا کیلئے بحالی کے جامع منصوبے کے تحت کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا ۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قبائلی بھائیوں کی حمایت اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ دہشت گردوں کو کھبی واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فوج اپنا کام کرنے تک واپس نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عارضی طور پر ہونے والے بے گھر افراد کی بحالی کے علاوہ ہماری توجہ فاٹا میں مزید بہتر سرحدی انتظامات پر ہوگی تا کہ سرحد پار نقل و حرکت کو روکا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ استحکام کی خاطر ملک بھر میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز اور تلاشی کی کاروائیاں اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہیں گی۔