وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاہے کہ چار فریقی رابطہ گروپ افغانستان کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بنایا گیا تھا مگر امریکی ڈرون حملے نے اس سلسلے میں منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

پاکستان عالمی سطح پر رونما تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے: فاطمی
14 جون 2016 (09:32)
0

امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے اس دورمیں پاکستان ان سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کے دورا ن انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کی بھرپور حمایت کی تاہم سرحدی انتظام سمیت بعض بنیادی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ چار فریقی رابطہ گروپ افغانستان کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بنایا گیا تھا مگر امریکی ڈرون حملے نے اس سلسلے میں منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مخلصانہ طور پر امن عمل شروع کیا تھا مگر ان تمام اقدامات کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔
پاکستان ایران تعلقات کے بارے میں معاون خصوصی نے کہا کہ دونوں ملکوںکے درمیان ساٹھ برس پرانے مضبوط او ر پائیدار تعلقات قائم ہیں۔امریکہ کے شہر اورلینڈو میں فائرنگ کے واقعے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس سے اسلام اور مسلمان مخالف عناصر مضبوط ہوں گے۔