وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کمیشن کے سامنے مبینہ انتخابی دھاندلی بارے شواہد، دستاویزات اور گواہ پیش کرنے میں ناکام رہی ۔

عمران خان کا جوڈیشل کمیشن کو خط شکست کا اعتراف ہے:پرویز رشید
14 جون 2015 (19:05)
0

وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے جوڈیشل کمیشن کو لکھے گئے خط اور مطالبات درحقیقت عمران خان کی جانب سے شکست کا اعتراف ہیں ۔
اتوار کے روز جاری کئے گئے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کمیشن کے سامنے شواہد دستاویزات اور گواہ پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اس لیئے اس نے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھنے شروع کردیئے ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ کمیشن کی معمول کی کارروائی کے دوران عمران خان نے ریٹرننگ افسران کو بطور گواہ پیش کرنے کا مطالبہ نہیں کیاتھا۔ اُنہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کا مطالبہ یوٹرنوں کے بادشاہ کا ایک اور یوٹرن ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت پر جب کمیشن فیصلے کے قریب ہے عمران خان اپنے مطالبات کے ذریعے نیا سیاسی انتشار پیدا کررہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان قومی اہداف کے حصول میں رکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے نئے مطالبات پیش کررہے ہیں ۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان 2013کے عام انتخابات میںمبینہ دھاندلی کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے جھوٹ کا اعتراف کرلینا چاہیئے اور قوم کو گمراہ کرنے پر معافی مانگنی چاہیئے ۔
اُنہوں نے عمران خان سے کہا کہ وہ ملکی ترقی اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ کے قومی ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں ۔