پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہی ہے:باجوہ
14 جون 2015 (09:05)
0

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب بلا امتیاز جاری ہے۔  انہوں نے آپریشن ضرب عضب کی حمایت پر ذرائع ابلاغ اور قوم کے کردار کو سراہا۔


عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد پاکستان کو دہشتگردی سے محفوظ ملک بنانا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں اور بعض دہشتگرد پاک افغان سرحد کی جانب فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج خفیہ اداروں، ذرائع ابلاغ اور قوم کے تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابی حاصل کررہی ہے۔


ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپریشن خیبر ٹو فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد جانچ پڑتال کے عمل اور ضروری طریقہ کار کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔