وزیر مملکت نے کہا کہ تقریبات کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔

 خصوصی لوگو کا اجرا، یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز
14 جولائی 2017 (18:42)
0

جمعہ کی شام اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب میں سرکاری لوگوکے اجراء کے ساتھ پاکستان کے سترویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ۔
لوگو کا اجرا آج شام اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب میں ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہا تقریبات کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریبات اس سال کے آخر تک جاری رہیں گی اور ان میں چاروں صوبوں،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کی ثقافت کو فروغ دیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا تقریبات کے دوران ریڈیوپاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور وزارت اطلاعات کے ماتحت محکمے پاکستان کی ثقافت پر مشتمل مختلف پروگراموں کا اہتمام کریںگے۔
وزیرمملکت نے کہاکہ گزشتہ چار سال کے دوران توانائی ، سلامتی، انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں حکومت کی کامیابیاں بھی اجاگر کی جائیں گی۔
انہوں نے کہاملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اٹھاسی فیصد کمی ہوئی ہے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا پاکستان تمام شعبوں میں ترقی کررہاہے۔
انہوں نے کہا پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق ملک میں جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں۔
قومی تاریخ اور ادبی ورثے کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا متعدد رکاوٹوں کے باوجود ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔