پاکستانی وفد نے بھارت کے ساتھ تعلقات بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں اس کی طرف سے جاری بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ۔

پاکستان اورانڈونیشیا کامختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
14 جولائی 2017 (15:42)
0

پاکستان اورانڈونیشیا نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔اس عزم کا اظہار جکارتہ میں انڈونیشیا کی وزارت خارجہ اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ مشاورتی فورم کے پہلے اجلاس کے دوران کیاگیا۔پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے ایشیا بحرالکاہل سید ذوالفقار گردیزی اورانڈونیشیا کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایشیاء بحرالکاہل اور افریقی امور کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل ڈیسرا پرکایا نے کی ۔
اجلاس میں سیاست ، دفاع ، سلامتی ،معیشت اور قونصلر امور سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کاجائزہ لیاگیا ۔پاکستانی وفد نے بھارت کے ساتھ تعلقات بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں اس کی طرف سے جاری بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ۔فریقین نے دوطرفہ مشاورتی کونسل کا دوسرا اجلاس آئندہ سال پاکستان میں منعقد کرنے سے اتفاق کیا۔