نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آخری دم تک پاکستان کے عوام کیلئے لڑتے رہیں گے ۔

14 جولائی 2017 (01:35)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی ، عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ۔یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں پاکستانی مسلم لیگ ( ن ) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔نوازشریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آخری دم تک پاکستان کے عوام کیلئے لڑتے رہیںگے ۔انہوں نے کہاکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی متنازعہ رپورٹ ہمارے مخالفین کے بے بنیاد الزامات کاپلندہ ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ شریف خاندان کو ان کے باسٹھ سال پرمحیط کارروباری امور پر مفروضوں اور الزامات کے ذریعے نشانہ بنایاگیا ۔نوازشریف نے کہاکہ ان کے دور حکومت میں شروع کیے گئے سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شفاف ہیں اور ان میں کوئی کرپشن نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ جو چون ہزار پوائنٹس تک پہنچ گئی تھی ملک میں غیریقینی صورتحال کی وجہ سے اس میں کمی کا رجحان دیکھاجارہا ہے ۔نوازشریف نے کہاکہ مسلح افواج کی مشاورت سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی اور دہشت گردی کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے اور اگرمنفی سیاست نہ کی گئی تو امید ہے کہ چھ سے سات فیصد یا اس سے زائد شرح نمو حاصل کی جاسکتی ہے۔