وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ لوگوں نے تشدد اور انارکی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

قومی گرڈ میں 1500میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے:رشید
14 دسمبر 2014 (10:07)
0

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی گرڈ میں پندرہ سومیگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے جس سے ملک میں توانائی کا بحران کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ریڈیو پاکستان کے پروگرام نقطہ نظر میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔


انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے مہینے بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے غربت کے خاتمے اور قومی معیشت کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت قومی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔


ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے قومی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ پورے خلوص سے مذاکراتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی لاہور کی ہڑتال کراچی اور فیصل آباد کی طرح ناکام ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تشدد اور انارکی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما رومینہ خورشید نے کہا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی غیر سنجیدہ سیاست کے خلاف تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کو سراہا اور تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ تشدد کی سیاست ترک کرکے سنجیدہ سیاست کرے۔