نوازشریف نے کہا کہ توانائی منصوبوں سے آئندہ سال تک لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا۔

مسلم لیگ(ن) کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات جیتے گی،وزیراعظم
14 اپریل 2017 (18:01)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سندھ میں ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کرے گی ۔
انہوں نے جمعہ کی شام جیکب آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں امن وامان بحال کردیاگیا ہے اوراب وفاقی حکومت بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی جو صوبائی حکومت مکمل نہیں کرسکی۔
وزیراعظم نے ضلع جیکب آباد کیلئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔
انہوں نے جیکب آباد میں گیس کی فراہمی کی اسکیموں ، وزیراعظم صحت کارڈ کے اجرا، خواتین کیلئے جدید پیشہ ورانہ تربیتی مرکز کے قیام، ایک سوٹرانسفارمرز کی فراہمی ایک پاسپورٹ آفس کے قیام اور پاسکو کا دفتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو فراہم کی گئی سہولتیں سندھ اور خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بھی ملنی چاہئیں۔
نوازشریف نے کہاکہ بنیادی ڈھانچے ،توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں کئی منصوبے جاری ہیں انہوں نے کہاکہ بجلی کے جاری منصوبوں سے آئندہ سال تک لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔