وزیر پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ بھرتیوں کے طریقہ کار اور ابتدائی جانچ پڑتال ان اداروں کے ذریعے کی جائے گی جن کی متعلقہ وزارتیں اور ڈویژن خدمات حاصل کریں گے۔

بھرتیوں کے عمل میں میرٹ یقینی بنانے کیلئے جامع پالیسی وضع کی گئی ہے:شیخ آفتاب
14 اپریل 2017 (12:53)
0

قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت نے تمام سطحوں پر بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے ایک جامع پالیسی اور طریقہ کار وضع کیا ہے ۔وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ بھرتیوں کے طریقہ کار اور ابتدائی جانچ پڑتال ان اداروں کے ذریعے کی جائے گی جن کی متعلقہ وزارتیں اور ڈویژن خدمات حاصل کریں گے۔

ایک سوال پر وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر مملکت محمد بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران حکومت کی طرف سے کئے گئے موثر اقدامات کے نتیجے میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے ۔
ایک سوال پر اطلاعات ونشریات کے پارلیمانی سیکرٹری محسن شاہنواز رانجھا نے ایوان کو بتایا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے انتھک جدوجہد کر رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان ریلوے میں 77 انجن شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں مال برداری کے شعبے میں دس ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ہے جس سے اکاسی فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے جلد نئی مسافر ٹرینیں چلائے گی جو راولپنڈی اور کوہاٹ ، سبی اور ہرنائی اور کراچی سے میرپور خاص کے درمیان چلائی جائیں گی۔