وزیر خزانہ نے کہا کہ اہم مالیاتی ادارے اب اس بات پرمتفق ہیں کہ پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار مقررہ ہدف سے تجاوز کر جائے گی

معاشی استحکام سےپاکستان پربین الاقوامی سرمایہ کاروں کااعتمادبڑھاہے:اسحق ڈار
14 اپریل 2014 (13:53)
0

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر معاشی استحکام سے ملک پر بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھا ہے۔امریکہ کا دورہ مکمل کرنے پر جس میں انہوں نے عالمی بنک ، آئی ایم ایف اور امریکہ کے حکام سے ملاقاتیں کیں ، وزیر خزانہ نے کہا کہ اہم مالیاتی ادارے اب اس بات پرمتفق ہیں کہ پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار مقررہ ہدف سے تجاوز کر جائے گی۔

 

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ اب پاکستان بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن کے تحت رواں مالی سال کے لئے ایک ارب ڈالر حاصل کر سکے گا۔ توقع ہے کہ عالمی بنک اگلے مہینے ہونے والے اپنے اجلاس میں فنڈز کی منظوری دے گا۔


یہ بھی توقع ہے کہ عالمی بنک اگلے مہینے داسو اور سندھ کے آبپاشی کے منصوبوں کیلئے سترکروڑ ڈالر کی منظوری دے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امداد نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ عالمی تجارت اور سرمایہ کاری چاہتا ہے کیونکہ وہ اپنی معیشت مضبوط بنانے کے اقدامات کر رہا ہے۔