صدر آج(پیر) اسلام آباد میں ملک کی ممتاز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور ریکٹرز کے گروپ سے باتیں کررہے تھے۔

صدر کا معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ
14 اپریل 2014 (16:42)
0

صدر ممنون حسین نے ہر سطح پر معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آج(پیر) اسلام آباد میں ملک کی ممتاز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اور ریکٹرز کے گروپ سے باتیں کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی لئے اسے قومی ہنگامی معاملے کے طورپر لیا جارہا ہے۔

صدر نے کہا کہ ملک کو موجودہ عالمی ماحول میں مسابقت کے لئے ہنرمند' اعلیٰ تعلیم یافتہ اور متحرک نوجوانوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ نوجوان ہمارے تمام مسائل کو مواقع میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

صدر نے یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ مہارت حاصل کرنے کے جذبے کو برقرار رکھیں اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوزکریں۔

صدر نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں سے کہا کہ وہ سیکھنے کے عمل اور تحقیق میں مہارت کے فروغ پر مزید توجہ دیں۔

انہوں نے خواتین کی تعلیم پر خصوصی زور دیا اور خواتین کو تعلیم اور متعلقہ ہنر سکھانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے یونیورسٹیوں کے سربراہان کو مکمل تعاون اور سرپرستی کا یقین دلایا۔