Monday, 16 December 2019, 02:44:53 am
معاون خصوصی کاعوام کو درپیش مسائل کےحل کیلئےحزب اختلاف پرحکومت سے تعاون پرزور
November 14, 2019

اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حزب اختلاف کی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر عوام کو در پیش مسائل حل کریں۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ فعال ہے اور حزب اختلاف کو عوام کی سہولت کیلئے قوانین کی منظوری میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے ملک کو درست راستے پر گامزن کردیا ہے اور معیشت مستحکم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ان عناصر کاساتھ نہیں دیں گے جو ملک میں عد م استحکام پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔معاو ن خصوصی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف کا پلان بی بھی ان کے احتجاجی دھرنے کے پلان اے کی طر ح ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ معاون خصوصی نے پاکستان مسلم لیگ نون سے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں علاج کیلئے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ضمانتی بانڈ کی شکل میں صرف ضمانت مانگی ہے جو ایک قانونی تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کو اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے وہ ضمانتی بانڈ جمع کرائے اور نوازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک لے جائے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کو بھی نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔