Monday, 16 December 2019, 02:53:25 am
کرتارپور راہداری کھولنا اسلامی اصولوں قائداعظمؒ کےوژن کےعین مطابق ہے،وزیراعظم
November 14, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کا کھلنا اسلامی اصولوں' بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی پاکستانی پالیسی اور قائداعظم کی پرامن ہمسائیگی کے وژن کے عین مطابق ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں بھارتی ادیب ڈی ایس جسپال سے ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ بابا گرونانک کے550 ویں جنم دن کے اہم موقع پر راہداری کھولنے کے تاریخی اقدام کا مقصد ان کے نام لیوائوں خصوصاً بھارت اور دنیا بھر کی سکھ برادری کا مطالبہ پورا کرنا تھا۔ڈی ایس جسپال نے کرتارپور اقدام اور پاکستان کی طرف سے تمام یاتریوں کی گرم جوشی کے ساتھ مہمان نوازی پر وزیراعظم کاشکریہ ادا کیا۔ ڈی ایس جسپال ایک محقق اور بھارت کے سابق سرکاری افسر ہیں۔ انہوں نے TRYST WITH TREES کے نام سے ایک کتاب لکھی ہے جس میں درختوں کے نام پر تاریخی گردواروں کے نام رکھنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ان میں سے بہت سے گردوارے پاکستان میں واقع ہیں اور انہیں مقامی درختوں کے نام دیئے گئے ہیں۔ ڈی ایس جسپال بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے سلسلے میںپاکستان کے دورے پر ہیں۔