Friday, 18 October 2019, 11:23:10 am
بھارت طاقت کے اندھا دھند استعمال سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتا،صدر آزاد کشمیر
September 14, 2019

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے اندھا دھند استعمال سے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا۔برسلز میں پاکستانی ا ورکشمیری برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے کبھی بھی کشمیر کو بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کیا اور وہ مستقبل میں بھی ایسا نہیں کرینگے ۔آزاد کشمیر کے صدر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس سلگتے تنازعے کے حل پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔سردارمسعود خان نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلسل کرفیو کے نفاذ کے باعث وہاں صورتحال سنگین ہوگئی ہے انہوں نے کہاکہ خوراک اورادویات کی قلت کے باعث کشمیری عوام کی زندگیاں خطرے میں ہیں انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج مٹی کا تیل ملا کر اشیاء خوردونوش کو خراب کررہی ہے ۔آزادکشمیر کے صدر نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے کہاکہ وہ یورپ اور دنیا کے دوسرے حصوں میں کشمیریوں کے مصائب اجاگر کرنے میں اپنا کردارادا کریں ۔