Friday, 29 March 2024, 01:36:47 am
پاکستان اور ترکی کا تجارتی، معاشی سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
September 14, 2018

 پاکستان اور ترکی نے تجارتی، معاشی  سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفا ق رائے جمعے کے روز اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران طے پایا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی وفد کی جبکہ ترکی کےوزیر خارجہ میولٹ شاوس اوولو نے اپنے وفد کی قیادت کی۔

بعد میں اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ملاقات نے آزادتجارتی معاہدے میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کےلئے ایک موقع بھی فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد تجارتی معاہدے کے بارے میں بات چیت کے عمل کی بحالی اور اس معاملے کو جلد اس کے منطقی انجام تک پہنچانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک کونسل موجود ہے جو پہلے سے طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد یقینی  بنانے کےلئے ایک طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے ترک ہم منصب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرکشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کی ہے ۔انہوں نے کشمیر کے بارے میں ترکی کا واضح موقف اور دوسرے عالمی فورموں پر پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

 اس موقع پر ترکی کے وزیر خارجہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔

 شاہ محمود قریشی کے ساتھ اپنی بات چیت کو مفید قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ترک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

ترک وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم اپنے دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

 انہوں نے کہا ہماری دفاعی صنعت نے شاندار ترقی کی ہے اور ہمارے پاس مختلف شعبوں میں ماہرین موجود ہیں اور ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

 ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ میرا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.