Thursday, 25 April 2024, 01:45:05 am
حکومت سیاسی مداخلت کےخاتمے کیلئے سول سروس میں اصلاحات کریگی،عمران
September 14, 2018

وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ انہیں سیاسی مداخلت سے تحفظ فراہم کیا جائے گا اور تقرریوں کے معاملے میں میرٹ یقینی بنایا جائے گا۔ وہ جمعے کے روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ برسوں پر محیط سیاسی مداخلت نے ہماری بیورو کریسی کو فرسودہ کیا جو ایک وقت میں ملک کا فخر سمجھی جاتی تھی۔انہوں نے یقین دلایا کہ سول سروس کا تابناک ماضی بحال کیا جائے گا۔عمران خان نے سرکاری ملازمین پر زوردیا کہ وہ حکومت کے بامقصد اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ میں مکمل تعاون کریں کیونکہ اس کا مقصد ہماری نوجوان نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ سول سروس میں بھی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی اور اس کا م کی ذمہ داری مشیر عشرت حسین کو سونپ دی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کا بیورو کریٹس کی سیاسی وابستگی سے کوئی تعلق نہیں تاہم وہ ان کی طرف سے بہترین کارکردگی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی انتظامی شعبہ ہے اور ان کے تعاون کے بغیر ہم اپنی پالیسیوں پر عملدرآمد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ خیبرپختونخوا پولیس کو سیاست سے پاک کرنے اور اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب یہ ایک مثالی پولیس ہے اور یہی نظام دوسرے صوبوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ احتساب موجودہ حکومت کی اہم پالیسی ہے کیونکہ یہ ملک کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔بیورو کریسی کی شکایات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ معاملہ چیئرمین نیب کے سامنے اٹھایا ہے کہ تحقیقاتی عمل میں انسانی تذلیل کا کوئی عنصر نہیں ہونا چاہیے۔عمران خان نے ا س بات کااعتراف کیا کہ ان کی تنخواہیں ان کے تعلیمی معیار کے مطابق نہیں ہیں، انہو ں نے کہا کہ اس وقت ہمیں مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے تاہم اس ملک میں اچھا نظم و نسق یقینی بناکر تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن ہونے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے نظم و نسق کے ذریعے پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاست کے لئے پرکشش مقام بنایا جائے گا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.