Saturday, 24 August 2019, 04:41:33 pm
انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بے گناہ کشمیریوں پر مظالم روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، وزیرخارجہ
August 14, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر مظالم روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اپنے مذموم عزائم پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو کرفیو کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کے نصب العین کیلئے متحد ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کی کامیابی تک انکے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

دریں اثنا ایک نجی نیو ز چینل سے گفتگو کرتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو حقیقی شکل دینے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فیصلے سے مقبوضہ وادی میں صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی رویہ اور جارحیت دنیا کے سامنے ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خراب صورتحال کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میںبھارت کے کالے قوانین کی شکل میں بے گناہ کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان کا موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو قائد اعظم کے تصور کے مطابق بنانا چاہتے ہیں ۔

مواصلات اور پوسٹل سروسز کے وزیر مراد سعید نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے تمام مظالم کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے میں ہر گز کامیاب نہیں ہوگا ۔

امورِ کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر علی امین گنڈا پور نے تمام دنیا پر زور دیا کہ وہ انسانیت کے کاز کیلئے کشمیریوں کی حمایت کرے۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔