Wednesday, 20 June 2018, 01:11:07 am
اقتصادی راہداری کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ تمام اقوام کی امن اور خوشحالی کیلئے ہے،سرتاج
March 14, 2018

 منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کسی ملک کے خلاف نہیں ہے بلکہ دنیا میں تمام قوموں کے امن اور خوشحالی کیلئے ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں پاکستان کیپٹل انوسٹمنٹ اجلاس اور ایکسپو 2018ء سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ سی پیک محض سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کا نام نہیں ہے بلکہ یہ دنیا کے تابناک مستقبل کیلئے  عوام کے عوام سے روابط کے بارے میں ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ سی پیک پاکستان کو ایک اقتصادی قوت میں تبدیل کر دے گا جو تمام پاکستانیوں کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر عملدرآمد کے اگلے مرحلے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 2030ء تک پاکستان ایک مضبوط اقتصادی قوت بن جائے گا۔منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ سی پیک چین کے  ایک خطہ ایک سڑک منصوبہ کا حصہ ہے۔اقتصادی ترقی کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت نے موجودہ سال میں چھ فیصد ترقی کی شرح پر پوری توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔