Thursday, 24 September 2020, 04:58:41 pm
ترک صدرکاتنازع کشمیرکومنصفانہ اورپرامن طورپرحل کرنے کی ضرورت پرزور
February 14, 2020

ترکی کےصدررجب طیب اردوان نے مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے اسے منصفانہ مذاکرات اورپرامن ذرائع کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے کشمیری بھائی کئی سال سے انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزاررہے ہیں ۔
انہوں نے کہابھارت کی طرف سے حالیہ یکطرفہ اقدامات کے باعث کشمیری عوام کے مصائب میں اضافہ ہوگیا ہے اور صورتحال مخدوش ہوکر رگئی ہے ۔
ترک صدر نے کہاکشمیریوں کو ان کی آزادی سے محروم رکھنا اوران کے حقوق غصب کرنا کسی کے مفاد میں نہیں انہوں نے کہاکہ اس تنازعہ کا حل ظالمانہ ہتھکنڈوں میں نہیں بلکہ یہ انصاف میں پنہاں ہے ۔
طیب اردوان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں امن وسلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا ۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اوران سے نمٹنے کیلئے اس سے بھرپور تعاون کریںگے ۔
ترک صدر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اور دوسرے اہم امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔
انہوں نے کہا پاکستان اور ترکی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری بڑھانے کیلئے مل کر آگے بڑھیںگے۔ 

 اس سے پہلے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اپنے افتتاحی خطاب میں ترکی کے صدر کی ولولہ انگیز قیادت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کے تنازع پر ترک صدر کے واضح موقف پر انھیں سلام پیش کرتی ہے۔